اردو

urdu

ETV Bharat / state

Cyrus Mistry Died in road accident ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی کار حادثے میں موت

ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی ایک حادثے میں موت ہوگئی۔ Former chairman of Tata Sons Cyrus Mistry killed in road accident

ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی کار حادثے میں موت
ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی کار حادثے میں موت

By

Published : Sep 4, 2022, 4:36 PM IST

Updated : Sep 4, 2022, 9:03 PM IST

ممبئی: معروف صنعتکار سائرس مستری کا ایک حادثے میں انتقال ہوگیا۔ وہ ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین تھے۔ ان کے حادثے کی وجہ سے انڈسٹری کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع پالگھر میں اتوار کے روز ایک سڑک حادثہ میں ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی موت ہو گئی۔ پولس کے مطابق سائرس مستری (54) مرسڈیز کار میں احمد آباد سے ممبئی جا رہے تھے کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔

پالگھر کے ایس پی بالاصاحب پاٹل نے حادثے میں ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی اتوار کو سڑک حادثے میں موت ہو گئی ہے۔ مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میں ان کی کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مستری مرسڈیز کار میں احمد آباد سے ممبئی جا رہے تھے۔

سائرس جب احمد آباد سے ممبئی آرہے تھے تبھی یہ حادثہ دوپہر تقریباً 3:15 بجے پیش آیا۔ ان کی کار سوریہ ندی کے پل پر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ پولیس افسر نے بتایا کہ کار کے ڈرائیور سمیت ان کے ساتھ سفر کرنے والے دو دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو گجرات کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ کاسا پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ حادثہ کاسا تھانہ علاقے کے تحت سوریا ندی کے پل پر چروتی ناکہ پر پیش آیا۔ سائرس مستری کی موت کے معاملے میں اندازہ لگایا جارہا ہے کہ کار کا ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔ سائرس مستری کی لاش کاسا کے ایک سرکاری ہسپتال میں ہے۔

ٹاٹا گروپ کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی کار حادثے میں موت

سائرس پالون جی مستری 4 جولائی 1968 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ سائرس مستری کو 28 دسمبر 2012 میں ٹاٹا گروپ کا چھٹا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم انہیں 24 اکتوبر 2016 کو ٹاٹا بورڈ آف ڈائریکٹرز نے برطرف کر دیا تھا۔

مستری نے ممبئی کے کیتھڈرل اور جان کینن اسکول سے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے سول انجینئرنگ میں بی ایس کے ساتھ امپیریل کالج لندن سے اعزازی ڈگری حاصل کی اور لندن بزنس اسکول سے مینجمنٹ میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی تھی۔

سائرس مستری صنعتکار پلون جی شاپور جی مستری کے بیٹے تھے۔ پلون جی نے ایک آئرش خاتون سے شادی کی۔ انہوں نے آئرلینڈ کی شہریت حاصل کر لی تھی۔ سائرس کی پیدائش بھی آئرلینڈ میں ہی ہوئی تھی۔ ان کے بھائی کا نام شاپور ہے۔ ان کی دو بہنیں ہیں۔ لیلیٰ اور اللو۔ پلون جی شاپور جی کی بیٹی اللو کی شادی نوئل ٹاٹا سے ہوئی ہے۔ نوئل رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مستری ایک ہونہار کاروباری رہنما تھے اور ان کا بے وقت انتقال تجارت اور صنعت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا، 'سائرس مستری کا بے وقت انتقال چونکانے والا ہے۔ وہ ایک ہونہار کاروباری رہنما تھے جو بھارت کی معاشی طاقت پر یقین رکھتے تھے۔ ان کا انتقال صنعت و تجارت کی دنیا کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت۔ ان کی روح کو سکون ملے'۔

راہل گاندھی نے کہا کہ وہ مستری کے انتقال کی افسوسناک خبر سے غمزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا، 'وہ ملک کے سب سے روشن کاروباری ذہنوں میں سے ایک تھے، جنہوں نے ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں سے میری دلی تعزیت'۔

سب سے بڑے بزنس ٹائیکونز میں سے ایک آنند مہندرا نے کہا کہ افسوسناک خبر ہضم کرنا مشکل ہے۔

ایم اینڈ ایم گروپ کے ٹاپ باس آنند مہندرا نے کہا، 'ٹاٹا گروپ کے سربراہ کے طور پر اپنے مختصر دور کے دوران، میں مسٹر سائرس کو اچھی طرح جانتا تھا۔ اگر زندگی میں ان کے لیے اور بھی منصوبے تھے، تو ایسا ہی ہو، لیکن زندگی ان سے چھین لی گئی ہے۔ اوم شانتی'۔

آر پی جی انٹرپرائزز کے چیئرمین ہرش گوئنکا نے حادثے میں مستری کی موت پر غم کا اظہار کیا۔گوئنکا نے کہا، 'وہ ایک دوست، ایک شریف آدمی اور ایک حقیقی انسان تھے۔ انہوں نے عالمی مینوفیکچرنگ کمپنی شاپور جی پالونجی کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا اور ٹاٹا گروپ کی سربراہی کی تھی۔

ٹاٹا سنز کے چیئرمین این چندر شیکرن نے ٹویٹ کیا، میں سائرس مستری کے اچانک اور بے وقت انتقال سے بہت غمزدہ ہوں۔ انہیں زندگی کا جنون تھا، اور یہ واقعی افسوسناک ہے کہ ان کا اتنی کم عمر میں انتقال ہوگیا۔ اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت اور دعائیں۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شندے نے ٹویٹ کیا، 'ٹاٹا سنز کے سابق سربراہ سائرس مستری کے انتقال کے بارے میں سن کر صدمہ ہوا۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھے بلکہ صنعت میں ایک نوجوان، روشن اور بصیرت رکھنے والی شخصیت کے طور پر بھی دیکھے جاتے تھے۔ یہ بہت بڑا نقصان ہے۔ میرا دلی خراج تحسین۔

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے ٹویٹ کیا، 'پالگھر کے قریب ایک حادثے میں ٹاٹا سنز کے سابق چیئرمین سائرس مستری کی موت کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا۔ ان کے خاندان، دوستوں اور ساتھیوں سے میری گہری تعزیت۔ شانتی۔ ڈی جی پی سے بات کرکے تفصیلی تحقیقات کی ہدایات دی ہیں۔

Last Updated : Sep 4, 2022, 9:03 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details