اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں دو روزه 20-G اجلاس کیلئے شہر میں موجود غیرملکی مہمانان نے شہر کے تاریخی شاہکار و مغل دور کی یادگار بی بی کا مقبرہ کا دورہ کیا۔ اس دوران غیرملکی مہمانوں کو بسوں کے ذریعہ بی بی کا مقبرہ لایا گیا۔ اس موقع پر محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے مہمانوں کے لئے پورے مقبرہ میں ریڈ کارپیٹ بچھایا گیا تھا۔تمام مہمانان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ڈھول تاشوں کی گونج میں پُر جوش استقبال سے غیر ملکی مہمانان کافی خوش ہوئے۔ مونسپل انتظامیہ کی جانب سے مہمانان پر پھولوں کی پنکھڑیاں نچھاور کی گئیں۔ بعد ازاں مہمانوں کے وفد نے تاج دکن بی بی کے مقبرے کے مختلف حصوں کا دیدار کیا اور مقبرے کی خوبصورتی اور تاریخی فن تعمیر کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفد نے مقبرے کی خوبصورت عمارت کے سامنے گروپ فوٹو بھی شوٹ کروایا۔ اس موقع پر مورخ نے غیر ملکی خواتین کو مقبرے کی تاریخ سے واقف کروایا۔