اورنگ آباد:اس سال ضلع اورنگ آباد سے 400 حجاج حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے 20 جون کو ممبئی سے جدہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ وہاں پانچ روزہ حج کے ارکان ادا کرنے کے بعد وہ مدینہ میں رہے اور 26 جولائی کو مدینہ ایئرپورٹ سے ممبئی ایئرپورٹ پہنچے جس کے بعد لگژری بسوں کے ذریعے اورنگ آباد کے عام خاص گراؤنڈ پہنچے جہاں پر حاجیوں کے استقبال کے لیے ان کے رشتہ داروں نے رنگ برنگے پھولوں سے سجی گاڑیوں، پھولوں اور گلدستوں سے ان کا استقبال کیا۔
حجاج نے کہا کہ انہیں دوران حج مکہ معظمہ اور مدینہ کسی بھی قسم کی کوئی پریشانی اور تکلیف نہیں ہوئی اور وہاں حجاج کے لیے تمام تر انتظامات بہتر طریقے سے کیے گئے تھے۔ حجاج کا کہنا ہے کہ ضلع حج کمیٹی کی جانب سے تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا تھا، اس سے ہمیں بہت فائدہ ہوا اور ارکان حج کی ادائیگی بھی ہم آسانی سے انجام دے سکیں۔ حاجیوں نے ضلع حج کمیٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔