دؤنڈ:مہاراشٹر کے دؤنڈ ریلوے اسٹیشن پر سائڈنگ ریک میں خالی ٹرین کے ڈبے میں آگ لگنے سے بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔ واقعہ کے بعد فوراً آگ پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن تب تک آگ کی زد میں ٹرین کے خاصے حصے آچکے تھے۔ اس کی وجہ سے خالی ڈبہ جل کر خاک ہوگیا۔ محکمہ ریلوے نے اب تک آگ لگنے کی صحیح وجہ کا انکشاف نہیں کیا ہے لیکن حادثہ کی جانچ کے لئے ریلوے نے تفتیشی ٹیم تشکیل کرنے کا اعلان کیا ہے جو آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ قیاس آرائی ہے کہ جائے وقوع پر سوکھی جھاڑیاں تھی جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔
آگ لگنے سے گارڈ کے کمپارٹمنٹ میں موجود برقی آلات سمیت تمام سامان جل کر خاک ہوگئے۔ ریلوے اسٹیشن کا کچرا مذکورہ ریک کے اندر اور اس کے آس پاس ڈال دیا جاتا ہے۔ریک کے آس پاس جھاڑیاں ہونے کے سبب آگ لگنے کا خطرہ برقرار رہتا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔اس معاملے میں جانچ ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ان کی رپورٹ پر ہی آگے کی کارروائی کی جائے گی۔