اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر میں شراب کے نشے میں دوست کی بیوی کے ساتھ چھیڑخانی کرنے اور علاقے میں دہشت پھیلانے کے الزام میں اورنگ آباد کرائم برانچ کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر وشال دھومے کے خلاف اورنگ آباد کے سٹی چوک پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، چھیڑخانی کا یہ واقعہ گزشتہ شب پیش آیا۔ صبح تک اس معاملے پر ہنگامہ جاری رہا،سیاسی لیڈروں اور مقامی افراد نے اے سی پی کو فوری معطل کرنے اور اس کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق اے سی پی وشال دھومے کھانا کھانے ایک ہوٹل میں گئے تھے جہاں ان کی ملاقات ایک دوست سے ہوئی۔دوست کی بیوی بھی ساتھ میں تھی۔
اے سی پی نے دوست سے کشمنر آفس تک لفٹ مانگی، گاڑی میں بیٹھنے کے بعد اے سی پی نے دوست کی بیوی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اے سی پی وشال دھومے شراب کے نشے میں چور تھے ، کمشنر آفس پہنچنے کے بعد ان کا ارادہ بدل گیا اور وہ گاڑی میں دوست کے گھر پہنچ گئے جہاں وہ واش روم میں جانے کے بہانے دوست کے بیڈ روم میں داخل ہوگئے اور اعتراض کرنے پر گالی گلوچ کی اور پھر ہاتھا پائی کی۔