سشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کا یہ واقعہ اس لحاظ سے پر اسرار نظر آتا کہ دو روز قبل ہی ان کی مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئی تھیں۔
سشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔ اس سانحے پر بالی ووڈ شخصیات سمیت دیگر شخصیات نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی پہلی فلم ’’کائے پو چے‘‘ تھی۔ انہیں سب سے زیادہ شہرت بہر حال عامر خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ' پی کے' سے ملی۔ سشانت نے 2016 میں فلم ایم ایس دھونی میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے تھے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی پھندے سے لٹکتی لاش یہاں باندرہ میں ان کی رہائش گاہ سے ملی۔ پولیس نے اداکار کے کمرے کے دروازے کو توڑ کر لاش کو پھندے سے اتارا۔
پولیس کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ یہ ہے کہ سشانت نے مبینہ طور پر ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی۔ اس حوالے سے بہر حال مزید چھان بین جاری ہے۔
پولیس نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تصدیق تو کر دی ہے لیکن یہ بتاتے ہوئے کہ بظاہر معاملہ خودکشی کا ہے لیکن اس حوالے سے مصدقہ طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ مبینہ طور پر یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے دوستوں کی موجودگی میں اپنی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر خودکشی کی۔