ممبئی:اداکارہ جیا خان خودکشی کیس میں 10 برس بعد سی بی آئی کورٹ نے ملزم اداکار سورج پنچولی کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے۔ اس سے قبل عدالت نے فریقین کے لواحقین کو فیصلہ سے قبل میڈیا کے سامنے خاموش رہنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے آج فیصلہ سناتے ہوئے سورج پنچولی کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے۔ سورج پنچولی اداکار آدتیہ پنچولی کے بیٹے ہیں۔ الزامات سے بری ہونے کے بعد سورج پنچولی کے والد اداکار آدتیہ پنچولی نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سورج بےگناہ ہے یہ کورٹ میں ثابت ہوگیا ہے، لیکن اسکے لیے 10 برس کا لمبا وقف لگ گیا۔
انہوں نے کہا کہ' انہیں رابعہ خان سے آج بھی پوری ہمدردی ہے، انہوں نے جو الزامات لگائے ہیں، ہم سمجھ سکتے ہیں، ایک ماں کا درد، لیکن سورج کا اس میں کوئی رول نہیں تھا، بلکہ اسکی وجہ سے سورج کا فلمی مستقبل تباہ ہوگیا۔ پنچولی نے کہا کہ وہ کورٹ اور سی بی آئی کا شکر گزار ہیں، اگر رابعہ خان اس فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں تو وہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ جا سکتی ہیں ان کے لیے ہر جگہ کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہتک عزت کیس کی اب پیروی نہیں کریں گے جو ان کے اور رابعہ خان کے بیچ تھا۔