ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی شیخ آصف نے سنہ 2014 کے دوران اپنے دور اقتدار میں اس وقت بر سراقتدار بی جے پی کی حکومت سے کسی طرح اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کے لیے ایک آئی ٹی آئی کالج منظور کروایا تھا اور یہ کالج آگرہ روڈ پر نیا فاران ہاسپٹل کے سامنے واقع ایک مختص زمین پر تعمیر کیا جانا تھا لیکن سنہ 2019 میں اسمبلی انتخابات ہونے کی وجہ سے یہ معاملہ ٹھنڈے بستے میں چلا گیا۔
مالیگاؤں میں آئی ٹی آئی کالج کی تعمیر آخر کب تک ہوگی؟ اس کے علاوہ گزشتہ حکومت نے اس آئی ٹی آئی کالج میں تمام ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف، طلبا کی تعداد سمیت دیگر انتظامی امور کو بھی منظوری دی تھی لیکن یہ معاملہ اب تک اپنی تکمیل کو نہیں پہنچ سکا ہے۔
حالیہ دنوں میں آصف شیخ نے ممبئی جاکر ریاستی وزیر نواب ملک سے اس سلسلے میں بات چیت کی تھی، جس کے بعد نواب ملک نے یقین دہانی کرائی کہ کورونا وباء کم ہونے کے بعد شہر میں باقاعدہ طور پر اردو گھر کا افتتاح اور آئی ٹی آئی کالج کے لیے فنڈ مہیا کیا جائے گا۔
اس تعلق سے شیخ آصف نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ فاران ہاسپٹل کے سامنے دیڑھ ایکڑ کی اراضی پر کچھ مسائل کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے نواب ملک سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر حکومت فنڈ مہیا کردے تو دوسری طرف تین ایکڑ کی اراضی پر اقلیتی طبقہ کے طلبا و طالبات کے لیے ایک بہتر آئی ٹی آئی کالج کی تعمیر ہوسکتی ہے۔