مالیگاؤں:ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کو بنکروں اور مزدوروں کا شہر کہا جاتا ہے ۔یہ شہر گنگا جمنی تہذیب کی مثال اور تاریخی شناخت بھی رکھتا ہے۔مالیگاؤں میں واقع زمینی قلعہ راجا ناروشکر کی سب سے اہم تعمیر میں سے ایک ہے۔ مہاراشٹر کے قلعوں میں اس کی خاص اہمیت ہے۔ انجینئرنگ کے نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو اس کی تعمیر کے اصول کو دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ مالیگاؤں کا قلعہ بھی ایک تاریخی عمارت اور آثار قدیمہ کی نشانی بھی ہے۔ اس خوبصورت زمینی قلعہ کو کئی دہائیوں سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ محکمہ آثار قدیمہ کو توجہ دلانے کے باوجود قلعہ کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، جس کی وجہ سے قلعہ کے اندر اور باہر ناجائز قبضہ ہو رہا ہے اور ایک جانب قلعہ دھیرے دھیرے زمین دوز ہورہا ہے۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز مالیگاؤں میں متعدد ہندو تنظیموں کی جانب سے تاریخی قلعہ کے تحفظ اور اس کے ارد گرد غیرقانونی تجاوز کے خلاف احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی میں شامل لوگوں نے تاریخی قلعہ کے ارد گرد غیرقانونی تجاوزات اور جھونپڑیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ قلعہ کے اطراف بسی جھونپڑیوں میں 300 سے زائد مکانات اور درجنوں تنگ گلیاں ہے جہاں ہزاروں افراد رہائش پذیر ہیں۔