نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے بدھ کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دونوں حریف گروپوں کو پارٹی کے نام اور سرکاری نشان سے متعلق نوٹس کا جواب دینے کے لیے تین ہفتے کا وقت دیا ہے۔ این سی پی ایک گروپ کی قیادت شرد پوار کر رہے ہیں اور دوسرے کی قیادت ان کے بھتیجے اجیت پوار کر رہے ہیں۔ دونوں نے پارٹی کے نام اور انتخابی نشان کے دعوے پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کا جواب دینے کے لیے چار ہفتے کا وقت مانگا تھا۔
27 جولائی کو کمیشن نے دونوں حریف گروپوں کو نوٹس جاری کیا۔ کمیشن نے نوٹس میں کہا ہے کہ وہ اصل فریق ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کمیشن کو جمع کرائے گئے دستاویزات کا تبادلہ کریں۔ 5 جولائی کو، الیکشن کمیشن کو 40 ایم پیز، ایم ایل ایز اور قانون ساز کونسل کے ارکان کے حلف نامہ موصول ہوئے۔ ساتھ ہی باغی گروپ کے ارکان کی طرف سے یہ تجویز بھی ملی کہ انہوں نے اجیت پوار کو این سی پی کے سربراہ کے طور پر منتخب کیا ہے۔ اس حوالے سے خط 30 جون کو لکھا گیا تھا۔ اس سے دو دن پہلے، اجیت پوار نے این سی پی میں بغاوت کی تھی اور آٹھ وزراء کے ساتھ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا تھا۔