ممبئی:مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ایکناتھ شندے اور دیویندر فڑنویس کو حلف دلایا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دونوں رہنماؤں کو مبارکباد دی۔ وہیں بی جے پی صدر جے پی نڈا اور وزیر داخلہ امت شاہ نے ایکناتھ شندے اور فڑنویس کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ آج ہی ایکناتھ شندے اور دیویندر فڑنویس نے گورنر سے ملاقات کر کے حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا تھا۔ بدھ کو مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ گورنر سے ملاقات کے بعد بی جے پی رہنما دیویندر فڑنویس اور ایکناتھ شندے نے ایک پریس کانفرنس کی تھی، جس میں دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلی کے عہدے کے لیے ایکناتھ شندے کے نام کا اعلان کیا تھا۔
فڑنویس نے پریس کانفرنس میں اگھاڑی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت میں اتنی بدعنوانی ہے کہ داؤد کے ساتھ تعلق ظاہر ہونے کے باوجود ریاستی وزیر کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہندوتوا کے تحفظ کے لیے شندے کی حمایت کررہی ہے۔ بی جے پی ایکناتھ شندے کی حمایت کرے گی۔ ایکناتھ شندے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں بی جے پی اور شیوسینا نے مل کر الیکشن لڑا تھا۔ ہمیں وزیر اعظم کی قیادت میں مکمل اکثریت ملی ۔ پی ایم نے الیکشن کے دوران بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کیا تھا اور وہ نام سب کے لیے قابل قبول تھا۔ لیکن الیکشن کے بعد شیو سینا کے رہنماؤں نے ان لوگوں کے ساتھ اتحاد کیا جن کے نظریات کی زندگی بھر بالا صاحب ٹھاکرے نے مخالفت کی
فڑنویس نے کہا کہ ایکناتھ شندے کی قیادت میں شیوسینا کے ایم ایل ایز نے مطالبہ کیا کہ ہم کانگریس اور این سی پی کے ساتھ نہیں رہ سکتے اور یہ اتحاد ختم ہونا چاہیے لیکن ان کا مطالبہ پورا نہیں ہوا، اس لیے ان ایم ایل ایز نے آواز بلند کی۔ اس سے قبل بی جے پی رہنما دیویندر فڑنویس کہا تھا کہ وہ کوئی عہدہ نہیں لیں گے، لیکن بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ مرکزی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ دیویندر فڑنویس کو حکومت میں آنا چاہیے۔ اس لیے ان سے ذاتی درخواست کی اور مرکزی قیادت نے کہا کہ دیویندر فڑنویس کو مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنا چاہیے،جس کے بعد فڑنویس نے نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔