ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں حکومت نے مدرسے کے بچوں کو مین اسٹریم سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس ضمن میں مہاراشٹر حکومت کے اقلیتی شعبے کے نائب سیکریٹری معین تحصیلدار نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی حکومت کی اسکیم کے مطابق عصری تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اب ریاست اُن سبھی مدارس کے طلبہ اور مدارس کی تفصیلات اکٹھا کر رہی ہے تاکہ اُنہیں میں اسٹریم سے جوڑا جا سکے۔
دوسری ریاستوں کی طرز پر اب ریاست مہاراشٹر میں بھی مدارس کے لیے حکومت سنجیدہ ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اب مہاراشٹر حکومت کے اقلیتی شعبے نے ریاست کے اُن تمام مدارس کا حساب کتاب رکھنے کے لیے اُنہیں نوٹس جاری کیا ہے۔ اس نوٹس میں ریاست میں مدارس کی تعداد اُن میں پڑھنے والے بچوں کی تعداد، منتظمین، اساتذہ کی تعلیمی لیاقت سمیت متعدد جانکاریاں طلب کی گئی ہیں۔