مالیگاؤں تشدد میں گرفتار ملزمین کو عدالت نے ناسک سینٹرل جیل بھیج دیا۔ تریپورہ میں حالات کشیدگی کے بعد رضا اکیڈمی کے مہاراشٹر بند کے دوران مالیگاؤں، نانڈیڑ، امراوتی و دیگر کچھ شہروں میں تشدد ہوا، جبکہ سیاسی رہنماؤں کے مطابق ایک سازش کے تحت بند کو ناکام اور فسادات جیسا ماحول پیدا کیا گیا۔
اس واقعے کے بعد پولس انتظامیہ کی جانب سے فوری کاروائی شروع کردی گئی۔ مالیگاؤں شہر میں پچاس سے زائد گرفتاریاں ہوئیں جنہیں ناسک سینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔
مہاراشٹر مسلم لیگ کے سیکرٹری عبدالرحمن سی ایچ کی ایما پر مالیگاؤں مسلم لیگ کے عہدے داران نے اے ایس پی و پولیس انتظامیہ سے ملاقات کی تھی اور گزارش بھی کی کہ پولیس خاطیوں کو گرفتار کرے اور بے گناہوں کو رہا کرے لیکن اب تک ہوئی گرفتاریوں میں زیادہ تر بے گناہوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
بعد ازاں انھیں کورٹ میں پیش کیا گیا جس کے بعد انہیں ناسک سینٹرل بھیج دیا گیا۔ اس پورے معاملے کو لیکر مسلم لیگ کے وفد نے بامبے ہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری سے ملاقات کی۔