ملک بھر میں ایک اندازے کے مطابق کئی کروڑ افراد منشیات اور نشیلی اشیاء کا استعمال بڑے پیمانے پر کررہے ہیں جبکہ اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، خاص طور پر تعلیمی اداروں میں بھی منشیات اور نشیلی اشیاء کا رجحان بڑھ رہا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔
رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل نے بتایا کہ شہر مالیگاؤں میں منشیات اور نشہ آور ادویات کا غیر قانونی استعمال کرنے والے افراد کی تعداد کئی ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ آج شہر میں بڑھتے جرائم خودکشی اور حادثات نشہ آور اشیاء کی وجہ سے ہی رونما ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی نشہ انسان کی ذہنی کیفیات اور رویوں کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے استعمال سے ذہنی و جسمانی امراض لاحق ہوتے ہیں اور یہ انسان کے جسمانی سسٹم کو مکمل درہم برہم کردیتا ہے۔
موصوف نے مزید کہا کہ شہر میں ایک ایسا گروہ ہے جس نے شہر کو دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے اور شہر کی ایک بہت بڑی پولیٹیکل پارٹی نشہ کا کاروبار کرنے والے افراد کے ساتھ پارٹنر شپ میں ہے جو پلاننگ کے ساتھ شہر کی نوجوان نسل کو برباد کررہے ہیں۔