اورنگ آباد: احمد آباد کرائم برانچ اور ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (DRI) نے ریاست میں ایک بڑی کارروائی کے دوران کافی مقدار میں منشیاب ضبط کی ہے۔ دونوں ٹیموں کی مشترکہ کارروائی میں اورنگ آباد کے پیٹھن علاقے کی ایک فیکٹری پر چھاپہ ماری کے دوران کروڑوں روپے کی منشیات ضبط کی گئیں۔ یہ جانکاری ایک پریس نوٹ کے ذریعے دی گئی ہے۔ ضبط شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 500 کروڑ روپے ہے۔ اس فیکٹری میں کیمیکل کی آڑ میں منشیات تیار کیے جانے کی بات تحقیقات میں سامنے آئی ہے۔ فی الحال یہ منشیات کہاں اور کیسے سپلائی کی جا رہی تھیں، اس کی تفتیش جاری ہے۔ اتنی بڑی مقدار میں منشیات تیار کرنے والی فیکٹری کا انکشاف ہونے کے بعد ملک کا ہائی سیکیورٹی سسٹم بھی حرکت میں آگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق احمد آباد کرائم برانچ کے اہلکاروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اورنگ آباد شہر کی ایک فیکٹری میں کوکین ، کیٹا مائن اور ایم ڈی ڈرگس بڑی مقدار میں تیار کی جارہی ہیں۔ اس کے بعد ڈی آر آئی اور احمد آباد کرائم برانچ اور شہر پولس نے ٹیمیں بنا کر تفتیش شروع کی۔ چھان بین کے دوران یہ معلومات سچ ثابت ہوئیں اور شہر میں واقع اس فیکٹری کا سراغ لگا۔ اس کے بعد کرائم برانچ کی ٹیم نے ڈی آر آئی کی مدد سے یہ بڑی کارروائی انجام دی۔