مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی دیوندر فڑنویس نے تویہ تک کہہ دیا کہ اسمبلی انتخابات دونوں سیاسی پارٹیوں نے مل کر لڑا تھا۔ لہٰذا اب بھی شیوسینا ہوش میں آئے اور اپنی گھر واپسی کرکے دونوں پارٹیوں کے درمیان اختلافات کو بھول کر اپنے رشتے پھر سے استوار کریں۔
ریاست کے جاری اسمبلی اجلاس کے دوران گورنر پر اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے فڑنویس نے شیوسینا اور ان کے درمیان ہوئے اختلافات پر اور شیوسینا کی جانب سے اقتدار حاصل کرنے کے لیے دوسری پارٹیوں سے ہاتھ ملانے پر جم کر تنقید کی۔جس کے بعد شیوسینا ،کانگریس راشٹروادی سمیت دیگر اراکین اسمبلی چراغ پا ہوگئے۔
فڑنویس نے اراکین اسمبلی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 'اپنا درد اس لیے آپ کے سامنے بیان کر رہا ہوں کیونکہ آپ اور ہم ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ اسمبلی میں ہم اور آپ نے ایک ہی اسٹیج پر بیٹھ کر عوام سے ووٹ مانگا تھا اور عوام نے ہمارے اتحاد کو دیکھتے ہوئے اکثریت دی تھی لیکن اس کے باوجود بھی آپ کے ضدی پن کی وجہ سے آپ نے ہم سے رشتہ منقطع کیا اور ایسی سیاسی جماعتوں سے ہاتھ ملا لیا جس سے آپ کے خیالات بھی نہیں ملتے تھے اور جن خیالات کی بنیاد پر آپ نے عوام سے ووٹ مانگا تھا اس کے متضاد خیالات والوں سے ہاتھ ملا کر آپ نے مہاراشٹر کی عوام کو دھوکہ دیا ہے'۔
فڑنویس نے اس موقع پر راشٹر وادی پارٹی کے سربراہ شرد پوار کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انتخابات کے نتائج کے بعد شرد پوار نے خود کہا تھا کہ مہاراشٹر کی عوام نے سینا بی جے پی کو اکثریت دی ہے اور ہم عوام کے فیصلے کو منظور کرتے ہوئے اپوزیشن کی صفوں میں بیٹھنا پسند کریں گے۔