مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں آج ہزاروں خواتین نے طبی سہولیات کے عدم دستیابی کو لے میونسپل کارپوریشن میں جم کر احتجاج کیا۔
اس موقع پر مجلس اتحادالمسلمین کے رہنما ڈاکٹر خالد پرویز نے کہا کہ 'آج علی اکبر ہسپتال اور واڈیا دواخانے کو توڑ کر دوبارہ سے بنانے کی بات کی جارہی ہے،' جبکہ کارپوریشن کے ہسپتالوں میں اسٹاف سے لیکر طبی لوازمات کی شدید کمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برسراقتدار پارٹی ٹھیکیداری کے ذریعے پیسہ کمانے کے لیے ہسپتالوں کو توڑ کر پھر سے بنانے کا کام کررہی ہے۔
ڈاکٹر خالد پرویز نے برسراقتدار پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'پچھلے 25 سالوں میں آگرہ روڈ تک نہیں بن پائی، آگرہ روڈ کا فلائی اوور بریج آج بھی ادھورا ہے۔'
ڈاکٹر خالد پرویز نے گرووار وارڈ کی خواتین کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اور سٹی انجینٸر کو ایک میمورنڈم دیتے ہوٸے کہا کہ کارپوریشن پہلے ہسپتالوں میں طبی سہولیات مہیا کرائے، مستعد اسٹاف کی تقرری کرے، پرانی مشنریوں کو بدل کر جدید مشینیں لگوائیں۔ مزید پڑھیں:
انہوں نے حکومت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ علامتی مورچہ ہے اگر برسراقتدار گروپ اور کارپوریشن انتظامیہ اپنی من مانی کرے گی تو وہ پورے شہر کی خواتین کو لیکر احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ اس مظاہرے میں خواتین نے کارپوریشن اور برسراقتدار گروپ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں مختلف مطالباتی بینرز لے کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔