ممبئی: ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقہ مدنپورہ میں نماز جمعہ کے بعد متعدد مساجد میں نمازِیوں نے کالی پٹی باندھ کر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ احتجاج نہایت ہی خاموش اور پرامن احتجاج تھا۔ اس میں نہ تو کسی طرح کی کوئی نعرے بازی کی گئی اور نہ ہی کوئی شور شرابہ کیا گیا۔ محض کالی پٹی باندھ کر احتجاج کیا گیا، ساتھ ہی ساتھ خصوصی طور پر مظلوم فلسطینیوں کے حق کے لیے دعائیں کی گئی۔
غور طلب ہو کہ ممبئی کے اس احتجاج سے پہلے سماجی اور سیاسی شخصیتوں نے اس بات کی اپیل کی تھی کی نہایت ہی پرامن طریقے سے یہ احتجاج کیا جائیگا۔ یہی سبب ہے کہ ممبئی کی کئی مساجد میں اسی طرح سے کالی پٹی باندھ کر نمازیوں نے اپنا احتجاج درج كرایا۔
اس خاص موقع پر این سی ترجمان نسیم صدیقی نے کہا کہ ہم مسلمان فلسطین کے حق کے لیے آواز بلند کررہے ہیں، فلسطین کو لیکر طویل عرصے سے بھارتی سیاسی رہنماؤں نے بھی اپنی آواز بلند کی ہے، اس لیے فلسطین کے لیے نہ صرف مسلمان بلکہ تمام بھارتیوں کو بھی اپنی آواز بلند کرنا چاہیے۔