ممبئی: ملک بھر میں ذی الحجہ کا چاند نظر آنے پر عیدالاضحیٰ جمعرات کو منائی جائے گی، لیکن کلینڈر کے مطابق حکومت مہاراشٹر نے بروز بدھ 28، جون کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس لیے سابق ریاستی وزیر اور کانگریس کے کارگزار صدر عارف نسیم خان نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عام تعطیل کو بدھ کے بجائے بروز جمعرات کر دیا جائے تاکہ عوام اور خصوصاً اقلیتی طبقے کو دشواری نہ پیش آئے۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیراعلی اور داخلہ دیویندر فڑنویس کو روانہ کیے گئے مکتوب میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عید قرباں کے موقعے پر جسے پہلے 28 جون کو سرکاری تعطیل قرار دی گئی ہے، اسے ایک اعلامیہ کے ذریعہ 29 جون کو کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عیدالاضحیٰ جو کہ مسلمانوں کا مقدس تہوار ہے چاند نظر آنے پر منائی جاتی ہے۔ اس طرح امسال 29 جون کو تہوار منایا جائے گا۔ لیکن بقرعید (عید الاضحی) کی چھٹی سرکاری کیلنڈر پر 28 جون کو دی گئی ہے۔ اس روز آشادھی ایکادشی بھی 28 جون کو ہے۔