اردو

urdu

ETV Bharat / state

دھولیہ: فساد برپا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ - دھولیہ کی خبر

مہاراشٹر کے شہر دھولیہ میں فرقہ وارانہ تشدد کے بعد ابوعاصم اعظمی نے دھولیہ کا دورہ کیا اور انہوں نے وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل کو حالات کا جائزہ لینے اور علاقہ کا مشاہدہ کرنے کے بعد زمینی حقائق سے آگاہ کرایا۔

demand for action against the involved policemen in dhule riots
دھولیہ: فساد برپا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

By

Published : Apr 9, 2021, 9:44 AM IST

ابو عاصم اعظمی نے فون پر وزیر داخلہ کو بتایا کہ یہاں پولیس نے یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے نوجوانوں پر گولی چلائی جس کے سبب تشدد برپا ہوا۔ اس لیے اس پولیس افسر کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔

پولیس افسر کی گولی سے قادر محمد اور بلال شدید طور سے زخمی ہوئے، ان دونوں کے پیر اور ہاتھ پر گولی داغی گئی تھی جبکہ ایک نوجوان گلاب شاہ ہلاک ہوا تھا۔ ایک لڑکے اور لڑکی کا معمولی سا معاملہ کو پولیس کی لاپروائی کی وجہ سے تشدد کی شکل اختیار کرنے کا موقع ملا۔ یہی وجہ ہے کہ دھولیہ میں آج بھی مسلمان خوفزدہ ہیں اور اس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

ابوعاصم اعظمی کے دورہ کے بعد مقامی مسلمانوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ ابوعاصم اعظمی نے یہاں فساد زدہ علاقہ اور متاثرین سے بھی ملاقات کی اور ان کے حالات سے واقف ہونے کے بعد وزیرداخلہ دلیپ ولسے پاٹل سے گفتگو کی اور وہ اس مسئلہ پر پیر کو دوبارہ ممبئی میں ملاقات کریں گے۔

ابوعاصم اعظمی نے مطالبہ کیا ہے کہ جس پولیس افسر کی غفلت کی وجہ سے یہ فساد برپا ہوا، اسے فوری طور پر معطل کیا جائے۔ اگر اسے معطل نہیں کیا جاتا تو سماج وادی پارٹی احتجاج کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دھولیہ میں پولیس اور انتظامیہ کی یکطرفہ کارروائی کی بھی متاثرین اور فساد زدگان نے شکایت کی ہے اور کہا ہے کہ حالات کو قابو میں کرنے میں پولیس ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اس لیے پولیس کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کی بھی انکوائری کی جانی چاہیے۔

ابوعاصم اعظمی نے مقامی ایڈیشنل ایس پی پرشانت بچوا سے بھی ملاقات کی اور یہ ہدایت کی کہ دھولیہ میں فساد کے بعد جو حالات پیدا ہوئے ہیں۔ یہاں امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس کو کوشش کرنی چاہیے۔ ساتھ ہی یکطرفہ کارروائی کرنے سے بھی پولیس کو گریز کرنا چاہیے۔ ابوعاصم اعظمی نے پولیس افسر کی معطلی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اس میں خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے کیونکہ یہی فساد کی اصل وجہ ہے جب فساد کی وجہ کو ہی ختم کر دیا جائے تو فساد ہی ختم ہوجائے گا۔ اس لیے پولیس افسر کو معطل کر کے متاثرین کو انصاف دلایا جائے۔

ساتھ ہی ابوعاصم اعظمی نے یہ واضح کیا ہے کہ وہ فساد متاثرہ علاقوں کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد ایک مشاہداتی رپورٹ بھی وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل کو پیش کریں گے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details