ممبئی: آج مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی خاص طور پر شیو سینا اپنے اراکین اسمبلی کے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی سالگرہ منا رہی ہے۔ ایم وی اے نے آج کے دن کو غدار دیوس کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی سلسلے میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے راجیہ سبھا رکن پارلیمان سنجے راوت نے اقوام متحدہ (یو این) کو ایک خط لکھا ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے اقوام متحدہ سے 20 جون کو عالمی یوم غدار کے طور پر منانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو مخاطب کیا ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ 20 جون کو عالمی یوم غدار قرار دیا جائے۔
انہوں نے لکھا کہ سر میں شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) نام کی پارٹی کی نمائندگی کرتا ہوں۔ میں بھارت میں ایوان بالا (راجیہ سبھا) سے رکن پارلیمان ہوں۔ میری پارٹی شیو سینا (یو بی ٹی) مہاراشٹر سے آتی ہے۔ مہاراشٹر مغربی ہندوستان کی ایک بڑی ریاست ہے۔ انہوں نے لکھا کہ شیوسینا کی شروعات 1966 میں بالا صاحب ٹھاکرے نے کی تھی۔ میری پارٹی کی قیادت اب ادھو ٹھاکرے کر رہے ہیں اور وہ 28 نومبر 2019 سے 29 جون 2022 تک مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ رہے۔
انہوں نے لکھا کہ 20 جون کو ہمارے شیو سینا کے 40 ایم ایل اے کے ایک بڑے گروپ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے اکسائے جانے کے بعد ہمیں چھوڑ دیا۔ انہوں نے اپنے خط میں الزام لگایا کہ ان میں سے ہر ایک نے اس کے لیے 50 کروڑ روپے لیے ہیں۔ راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے بھی اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو لکھے اپنے خط میں بی جے پی پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے شیو سینا کو توڑنے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کی۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی مہواکاس اگھاڑی حکومت گرے۔