پوری دنیا میں کورونا وائرس کووڈ کی وبا سنگین صورت حال اختیار کرتی جارہی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تقریبا سات ہزار نئے معاملے سامنے آئے ہیں جو اب تک کے فی دن کے معاملوں میں ریکارڈ اضافہ ہے، حالانکہ راحت کی بات یہ بھی ہے کہ اس دوران 3280 لوگ ٹھیک بھی ہوئے ہیں جس سے اس وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 57721 ہوگئی ہے۔ اس سے پہلے اتوار کو متاثرین کے صحت مند ہونے کی شرح 41.28 فیصد تھی۔
ملک میں کورونا وائرس نے مہاراشٹر میں سب سے زیادہ قہر ڈھایا ہے جہاں متاثرین کی تعداد بڑھ کر پچاس ہزار کے اعدادوشمار کو پار کرگئی ہے۔
مرکزی وزیر صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی جانب سے پیر کو صبح جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے اب تک کے سب سے زیادہ 6977 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے مجموعی طور سے متاثروں کی تعداد بڑھ کر 138845 ہوگئی ہے۔ ملک میں مجموعی طور سے 77103 معاملے سرگرم ہیں۔
ملک میں کووڈ۔19 انفیکشن سے 154 افراد کی موت کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 4021 ہوگئی ہے۔ اس مدت میں اس وبا سے 3280 لوگ ٹھیک بھی ہوئےہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 57721 ہوگئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد ایران سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اس معاملے میں ملک 10ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ پوری دنیا میں کووڈ۔19 کے 54 لاکھ سے زیادہ معاملے سامنے آچکے ہیں۔ مجموعی طورسے 16.43 لاکھ معاملوں کے ساتھ امریکہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس کے بعد بالترتیب برازیل (3.63 لاکھ)، روس (3.44)، برطانیہ (2.60 لاکھ)، اسپین (2.35 )، اٹلی (2.29 لاکھ)، فرانس (1.82)، جرمنی (1.80 لاکھ) اور ترکی (1.56 ) کا مقام ہے۔
بھارت میں مئی مہینے میں ہی ایک لاکھ سے زیادہ معاملے سامنے آچکے ہیں۔ وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کے مطابق یکم مئی کی صبح ملک میں اس وباکے 35,043 معاملوں کی تصدیق ہوئی تھی جوآج صبح بڑھ کر 138845 پر پہنچ گئی۔ اس طرح محض چوبیس دنوں میں 103802 معاملے سامنے آچکے ہیں۔
مہاراشٹر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3041 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور سے اس کی تعداد بڑھ کر 50231 ہوگئی ہےاور مجموعی طور سے 1635 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 14,660 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملوں میں تمل ناڈو دوسرے نمبر پرہے۔ تمل ناڈو میں اب تک 16,277 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 111 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 8324 لوگوں کو علاج کے بعد مختلف ہسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔