پونے: پاکستانی ایجنٹ کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار ڈیفنس ریسرچ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او)کے سائنسداں پردیپ کورولکر کی پولیس حراست میں 16 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔ پونے کی خصوصی عدالت نے پیر کو یہ حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت میں ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ جس میں بنگلور سے 'ایئر فورس' افسر نکھل شندے کو بھی اسی پاکستانی 'آئی پی ایڈریس' سے 'کال' موصول ہوا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کرولکر کو بھی اسی نمبر سے کال آیا تھا۔ اس معاملے میں نکھل شندے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ فضائیہ کی انکوائری کمیٹی بھی ان کی تحقیقات کر رہی ہے۔
کورولکر کی حراست میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے استغاثہ نے کہا کہ ان کے موبائل فون کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے۔ استغاثہ نے جج کو بتایا کہ 'پولیس کو ملزمین کی مدد سے موبائل فون کھولنا پڑا کیونکہ وہ خود ایسا نہیں کر سکتے تھے'۔ وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ موبائل فون پہلے ہی قبضے میں لیا جا چکا ہے تاہم کوئی نئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ یاد رہے کہ پونے میں ڈیفنس ریسرچ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی لیبارٹری کے ڈائریکٹر کورولکر کو 3 مئی کو مہاراشٹر پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے گرفتار کیا تھا۔