کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے قومی صدر اسدالدین اویسی کی جانب سے شہریان مالیگاؤں کو راحتی پیکیج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جسے اورنگ آباد کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل کے ذریعے مالیگاؤں روانہ کیا گیا ہے۔
کورونا وبا کی تباہی سے ابھی نجات ملی ہی تھی کہ تیسری لہر آنے کی پیشین گوئیاں شروع ہو چکی ہیں۔ ان حالات میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے قومی صدر اسدالدین اویسی کی جانب سے مالیگاؤں کے عوام کو راحتی پیکیج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس راحتی پیکیج کو اورنگ آباد کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل کے ذریعے مالیگاؤں روانہ کیا گیا۔ اس تعلق سے 5 جون کو مولانا عبدالحمید نعمانی گارڈن رسول پورہ میں استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا۔
اس پروگرام میں امتیاز جلیل کے ہاتھوں سے آکسیجن کنسنٹریٹر(oxygen concentrator)، وینٹی لیٹر(ventilator) مالیگاؤں رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی کو سونپا گیا جبکہ دھولیہ حلقہ اسمبلی کے لیے جو راحتی پیکیج آیا تھا اسے ایم آئی ایم شمالی مہاراشٹر کے صدر ڈاکٹر خالد پرویز کو سونپا گیا ہے۔
اس موقع پر رُکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین قومی صدر اسدالدین اویسی نے وعدہ کیا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران علاج کے لیے جو سامان و لوازمات لازمی ہوتے ہیں اس کا ایک سیٹ وہ مالیگاؤں کے عوام کو فراہم کریں گے۔