اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں رسوئی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف کانگریس نے شہر کے کرانتی چوک علاقے میں چولہا جلا کر اور گیس سلنڈر کو لے کر مرکزی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ کانگریس کے اس احتجاج میں پارٹی کے رہنماوں اور کارکنان کے ساتھ ساتھ عام لوگوں نے بھی حصہ لیا۔کانگریس لیڈران کا کہنا ہے کہ 2014 میں جب گیس کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا تو اسمرتی ایرانی نے سابق وزیراعظم کو چوڑیاں بھیجی تھیں لیکن آج وہ خاموش ہیں۔وہ کیوں نہیں احتجاج کر رہیں ہیں۔
کانگریسی کارکنان کا کہنا ہے کہ اسمرتی ایرانی کو بڑھتی ہوئی رسوئی گیس کی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی چوڑیاں بھیجنی چاہئیں کیونکہ پچھلے 8 سالوں آٹھ سو روپے سے زیادہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک مرکزی حکومت رسوئی گیس کی قیمتوں میں کمی نہیں کرتی،اس وقت تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ہم سڑکوں کی ناکہ بندی بھی کریں گے۔