اس موقع پر این سی پی کے ضلع صدر شیخ آصف نے بتایا کہ 3 نومبر کو تحصیلدار آفیسر چندرجیت راجپوت کو ایک مطالباتی مکتوب دیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سنجے گاندھی نرادھار یوجنا کی میٹنگ جلد از جلد بلائی جائے۔
مالیگاؤں: این سی پی کے ضلع صدر کی تحصیلدار سے نوک جھونک آصف شیخ نے کہا کہ اسی تناظر میں این سی پی کے ذمہ داران کے ساتھ وہ خود تحصیلدار کو گلاب کا پھول دینے کیلئے آئے تھے تو وہ آفس میں موجود نہیں تھے۔ واپسی کے دوران آفس کے باہر تحصیلدار آفیسر چندرجیت راجپوت سے ملاقات ہوئی تو انہیں اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ آج 8 تاریخ ہوچکی ہے آپ میٹنگ کیلئے کال کیجئے۔
آصف شیخ کے مطابق تحصیلدار آفیسر نے اس بات کا جواب اس طرح دیا کہ وہ میٹنگ کیلئے کال نہیں کریں گے اور حکومت کے جی آر کو غلط ثابت کر دیا۔
واضح رہے کہ اس طرح کا جواب ملنے کے بعد تحصیلدار اور آصف شیخ کے درمیان نوک جھونک شروع ہوگئی۔ اس موقع پر موجود این سی پی کے کارکنان نے تحصیلدار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور نعرے بازی شروع کردی۔
آصف شیخ نے مزید کہا کہ 20 ہزار سے زائد عوام پریشان ہے اور تحصیلدار اس معاملے میں ٹال مٹول کررہا ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی طور پر این سی پی کے کارکنان کے ساتھ تحصیلدار آفس میں احتجاج کیا گیا۔ جس کے بعد تحصیلدار آفیسر نے پولیس انتظامیہ کی موجودگی میں 12 نومبر کو میٹنگ رکھنے کا فیصلہ کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی۔
اس کے علاوہ آصف شیخ نے کہا کہ 12 نومبر کی میٹنگ میں 20 ہزار لوگوں کے معاملات سامنے رکھے جائیں گے۔ جن غریب لوگوں کے اکاؤنٹ میں رقم نہیں گئی ہے، ان کے اکاؤنٹ میں جلد از جلد رقم منتقل کی جائے۔ اور حیات داخلہ کے تعلق سے بھی اس میٹنگ میں تفصیلی گفتگو کی جائے گی اور مسئلے کو حل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: دھولیہ: حرم شریف کے بعد مسجد نبویﷺ کا ماڈل بنانے والے 'عظیم انصاری'
وہیں اس تعلق سے نمائندے نے تحصیلدار آفیسر چندرجیت راجپوت سے بات چیت کی تو انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی سنجے گاندھی نرادھار یوجنا کے تعلق سے کئی میٹنگ کی جاچکی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الزامات تو بہت لگتے ہے، جو بھی الزامات لگائے جارہے ہیں اس کا ثبوت ہونا چاہیے۔