مہاراشٹر سرکار نے کورونا بحران کے چلتے مسلمانوں کے دوسرے بڑے تہوار عید الضحٰی پر اپنی گائیڈ لائن جاری کردی ہے۔
حکومت نے کورونا بحران پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے اپیل کی ہے کہ اس سال کورونا بحران کی وجہ سے پیدا ہونے والی متعدی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عید الاالضحیٰ کو آسان طریقے سے منائیں۔
حال ہی میں وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اور نائب وزیر اعلی اجیت پوار کے مابین ایک میٹنگ ہوئی تھی ۔ اس میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بقرعید کا تہوار اس سال کورونا کے پس منظر میں منائی جانی چاہئے ۔اس سلسلے میں حکومت نے کچھ رہنما اصول جاری کیے ہیں۔ریاستی وزیر داخلہ نے عوام سے گزارش کی ہے کہ حکومت کے ذریعے جاری کئے گئے رہنمایانہ اصول پر پوری طرح عمل کیا جائے۔
مہاراشٹر حکومت کے چیف سکریٹری برائے وزارت داخلہ امیتابھ گپتا کے جاری کردہ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے پیدا ہوئی صورتحال پر غور کرتے ہوئے مہاراشٹر سرکار نے امسال بقرعید کو سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سرکیولر کے مطابق ریاست میں تمام مذہبی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔ اسی مناسبت سے بقرعید کی نماز مساجد یا عیدگاہوں یا عوامی مقامات پر ادا نہیں کی جاسکتی، تمام شہری اپنے گھروں پر ہی نماز ادا کریں ۔
حکومت نے فی الحال مویشیوں کے بازار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اگر شہری جانور خریدنا چاہتے ہیں تو انہیں آن لائن یا ٹیلیفون کے ذریعہ اپنی پسند کے مطابق جانوروں کو خریدنا ہوگا۔کنٹینمنٹ زون میں تمام پابندیاں عائد رہیں گی۔