ریاست میں مرکزی حکومت کی جانب سے 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ۔اس اعلان کے بعد ریاستی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرانے میں کا فی مستعد دکھائی دے رہی ہے۔
آج وزیر اعلیٰ اددھو ٹھاکرے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر صوبہ کی عوام کے لیے ضروری اشیاء کی نقل و حمل میں کوئی دشواری پیش آرہی ہو تو 100 نمبر پر ڈائل کرتے ہوئے مدد لی جاسکتی ہے ۔
اسی کے ساتھ ہی وزیر اعلی نے یہ بھی مشورہ دیا کہ ضروری خدمات کی فراہمی کرنے والی کمپنی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی کمپنی کا نام، اسٹیکر اپنی گاڑی پر رکھنا چاہئے۔ تمام کاغذات اپنے پاس رکھیں۔ پولیس مکمل تعاون کرے گی۔ پولیس ضروری سامان سے لدی گاڑیوں کو نہیں روکے گی۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں زراعت اور کھانوں سے متعلق نقل و حمل خدمات بند نہیں کی گئی ہیں۔ اشیائے ضروریہ سے متعلق مصنوعات بنانے والی کمپنیاں بند نہیں ہوں گی۔
اددھو ٹھاکرے نے کہا کہ 'میں عوام کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہم لوگوں کو زندگی گزارنے سے نہیں روکیں گے بلکہ زندگی گزارنے کے انداز کو تبدیل کر رہے ہیں اس لیے ہم سب کو ایک دوسرے کا تعاؤن کرنا چاہئے'۔
وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے مزید کہا کہ اب آپ کے واٹس ایپ پر کورونا وائرس سے متعلق تمام معلومات دستیاب ہوں گی۔ واٹس ایپ پر آگاہ کرنے کے لیے ایک نئی ٹکنالوجی تیار کی گئی ہے۔ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس سے دوچار ہے۔لیکن بہت سے لوگوں کو اس بیماری کے بارے میں اچھی طرح سے جانکاری نہیں ملتی مگر اب اس ایپ کی مدد سے عوام کو کورونا کے تعلق سے معلومات مل جائیں گی۔