ممبئی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سیکورٹی میں اس وقت لاپروائی سامنے آئی جب جلسہ گاہ کے پاس سے دو مشتبہ افراد کو ممبئی کرائم برانچ کے عہدیدار اور پولیس نے گرفتار کر نے کا دعوی کیا ۔ گرفتار کئے گئے دونوں مشتبہ افراد کا جلسہ گاہ میں ہتھیار کے ساتھ داخل ہونے کا کیا مقصد تھا پولیس اس جانچ کر رہی ہے۔گرفتار شدہ افراد کا تعلق ممبئی سے متصل علاقوں سے ہے۔ پولیس یہ بھی معلوم کر رہی ہے کہ ان دونوں کو وزیر اعظم کے جلسہ گاہ میں گڑ بڑی یا تخریبی کارروائی کے مقصد سے تو نہیں بھیجا گیا تھا یا پھر جلسہ گاہ میں بدامنی پھیلانے کیلئے تو نہیں بھیجا گیا تھا۔
ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس میں وزیر اعظم مودی کے جلسہ عام میں تخریبی کارروائی کے اندیشہ کے دوران ممبئی پولیس نے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے ان دونوں کو بی کے سی جلسہ عام کے اطراف سے ہی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
بتایاجارہا ہے کہ ایک مشتبہ شخص گشت کر رہا تھا ۔اس دوران پولیس نے اسے روک کر جانچ کی تو اس کے پاس سے بندوق اور چار کار آمد کارتوس برآمد ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ بندوں لائسنس یافتہ ہے اور وہ بھیونڈی کا ساکن ہے۔ لیکن پولیس کمشنر نے اسلحہ بندی احکامات جاری کئے تھے اور وزیر اعظم کے جلسہ گاہ کے قریب سے اسلحہ کے ساتھ گشت کرنا ممنوعہ تھا پولیس نے باندرہ سے جس شخص کو گرفتار کیا ہے اس کی شناخت چندکانت کواڑے عمر 39 سالہ بتائی جاتی ہے ۔یہ ٹرانسپورٹ کا ملازم ہے اور بھیونڈی کا ساکن ہے ۔پولیس نے اس کے خلاف آرمس ایکٹ اور پولیس ایکٹ کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔