اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں اسمارٹ بس کے کنڈیکٹر نے ایک اسکولی طالبہ کے ساتھ مبینہ طور پر بس میں بدتمیزی کی۔ ملزم نے طالبہ کا ہاتھ پکڑ کر موبائل نمبر لینے کی کوشش کی، جس کے بعد متاثرہ لڑکی نے چیخ و پکار شروع کردی، لڑکی کے ہنگامہ کرنے کے بعد بس فورا رک گئی۔ متاثرہ بس سے نکل کر گھر پہنچی جہاں اس نے گھر والوں کو پوری آپبیتی سنائی۔ گھر والوں نے اورنگ آباد کے سڈکو پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کروایا، جیسے ہی معاملہ اسمارٹ سٹی آفیس میں پتہ چلا اس کے بعد کنڈیکٹر کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔
اس معاملے میں اورنگ آباد کے سڈکو پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ 19 سالہ لڑکی کامرس کے فرسٹ ایئر کی طالبہ ہے۔ وہ کالج جانے کے لیے اپنے سہلیوں کے ساتھ روزانہ اسمارٹ سٹی بس میں سفر کرتی تھی۔ اسی دوران وہ کالج سے گھر جانے کے لیے سڈکو بس اسٹینڈ جانے والی بس میں سوار ہوئی۔ اس وقت بس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر کے علاوہ تین مسافر سوار تھے۔ اس دن متاثرہ کے ساتھ کوئی دوست نہیں تھا۔ متاثرہ لڑکی جیسے ہی بس میں سوار ہوئی، بس کنڈکٹر نے اس سے ٹکٹ کے پیسے لے لیے لیکن ٹکٹ نہیں دیئے اور لڑکی کی سہیلیوں کے بارے میں پوچھنے لگا جو آج موجود نہیں تھیں۔ دیگر مسافروں کو ٹکٹ دینے کے بعد کنڈکٹر اس کے قریب پہنچا اور اس کے ساتھ والی سیٹ پر رکھا بیگ اٹھا کر اس کے پاس بیٹھ گیا۔