اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع کے گنگاپور میں بھارت راشٹر سمیتی (BRS) نے ریاست مہاراشٹر کی سیاست میں اپنی پہلی کامیابی درج کی ہے۔اورنگ آباد ضلع کے گنگا پور تعلقہ کے امبے لوہر گرام پنچایت ضمنی الیکشن میں بی آر ایس کا ایک امیدوار منتخب ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگ آباد ضلع کی گرام پنچایتوں کے ضمنی الیکشن کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔اس میں گنگا پور تعلقہ میں تین گرام پنچایتوں میں ضمنی انتخابات ہوئے تھے۔اس میں معلنہ نتائج میں بھارت راشٹر سمیتی کا ایک امیدوار منتخب ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اورنگ آباد ضلع کی آٹھ گرام پنچایتوں کی نو نشستیں مختلف وجوہات کی بناء پر خالی ہوگئی تھیں۔
ان گرام پنچایتوں میں گولی دھانورا، بھوئے گاؤں، ملکاپور میں ایک ایک نشست کیلئے بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔اسی طرح ورجھڑی اور نواب پور میں ایک بھی امیدواری فارم داخل نہ ہونے کی وجہ سے یہ ایک نشست خالی ہی رہے گی جبکہ امبے لوہڑ، جکٹھان، مانگے گاؤں ان تین گرام پنچایتوں کی ایک ایک نشست کیلئے 75 فیصد رائے دہی ہوئی تھی جس کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ ان میں جکٹھان گرام نچایت نشست سے احمد پٹھان، مانگے گاؤں سے روپالی روڑگے، اور امبے لوہڑ سے سردار غفار پٹھان منتخب ہوئے ہے۔ امبے لوہڑ سے منتخب ہونے والے غفار پٹھان تلنگانہ کی سیاسی پارٹی بی آر ایس کے ہدیدار ہیں۔