ناگپور:ناگپور کے بازار گاؤں میں سولر ایکسپلوسیو کمپنی میں ایک زبردست دھماکہ پیش آیا جس میں نو افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ دھماکہ سولر ایکسپلوسیو کمپنی میں کاسٹ بوسٹر پلانٹ میں دھماکہ خیز مواد کی پیکنگ کے وقت ہوا۔ ذرائع کے مطابق پیکنگ کے وقت یونٹ میں 12 افراد موجود تھے۔ دھماکے کی وجوہات کا ابھی تک علم نہیں ہوسکا۔
ناگپور دیہی پولیس سپرنٹنڈنٹ ہرش پوددار نے بتایا کہ دھماکہ سولر ایکسپلوسیو کمپنی کے کاسٹ بوسٹر پلانٹ میں پیکنگ کے دوران پیش آیا ہے۔ سولر ایکسپلوسیو بازار گاؤں کمپنی کی ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ سولر کمپنی کے سی بی ایچ 2 یونٹ میں پیش آیا۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں چھ خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔
دھماکے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔ مرنے والوں میں 2 ناگپور کے علاقے وردھا، ایک چندر پور اور ایک امراوتی سے ہے۔ جبکہ پانچ افراد ناگپور کے رہنے والے ہیں۔ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس واقعہ کو افسوس ناک قرار دیا اور نو لوگوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت مرنے والوں کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا فراہم کرے گی اور چیف منسٹر ایکناتھ شندے نے اس فیصلے کو منظوری دے دی ہے۔ فڈنویس نے کہا کہ سولر انڈسٹریز میں ہونے والے دھماکے میں چھ خواتین سمیت نو افراد کی موت ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک کمپنی ہے جو مسلح افواج کے لیے ڈرون اور دھماکہ خیز مواد تیار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اس دکھ کے موقع پر متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔