ممبئی: اسلم شیخ کے مطابق بی جے پی ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات Mumbai Municipal Corporation Elections کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست مہاراشٹر بالخصوص ممبئی شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مگر مہا وکاس اگھاڑی سرکار ایسے کسی بھی منصوبے کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ نیز لاء اینڈ آرڈر کو بگاڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اسلم شیخ نے کہا کہ مسلمانوں و عبادت گاہوں کے خلاف شرانگیزی بی جے پی کے لئے نئی بات نہیں ہے، جہاں کہیں بھی انتخابات ہونے والے ہوں وہاں یہ لوگ اسی منصوبے کے تحت سماج میں نفرت پھیلا کر سیاست کرنے کا کام کرتے ہیں، کیونکہ ان لوگوں کے پاس ہندو مسلم، مندر مسجد اور اذان کے علاوہ اور کوئی موضوع نہیں ہے۔
شیوسینا کے ہندوتوا پر بی جے پی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اسلم شیخ نے کہا کہ 25 سال اتحاد کرنے کے بعد آج جب شیوسینا نے بی جے پی سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور ریاست میں مہا وکاس اگھاڑی سرکار بنا کر ایک اچھی حکومت چلا رہی ہے تو یہ بی جے پی سے دیکھا نہیں جا رہا ہے۔ اس لیے وہ آئے دن حکومت کو بدنام کرنے نیز اسے گرانے کے نئے نئے منصوبے بناتی رہتی ہے۔ مگر ہم بی جے پی کے ایسے کسی بھی منصوبے کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔