ممبئی: شیو سینا (یو بی ٹی) کے ترجمان 'سامنا' میں شائع ہونے والے ایک اداریہ میں کہا گیا ہے کہ وہ سماج کو تقسیم کرکے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں جیسے انہوں نے مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے لیے 'شیو سینا کو توڑا'۔ پارٹی پچھلے برس ایکناتھ شندے کی قیادت میں شیوسینا کے کچھ کارکنان کی بغاوت کا حوالہ دے رہی تھی جس کی وجہ سے مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی مہا وکاس اگھاڑی (MVA) حکومت گر گئی اور شندے۔ بی جے پی کی حمایت سے ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ بن گئے۔
'سامنا' میں شائع ہونے والے اداریہ میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے لوگوں کو ہوشیار رہنا چاہیے کیونکہ وہ آئین، قومی اتحاد کو نظر انداز کر کے اقتدار کی خواہش کرنے والوں میں گھرے ہوئے ہیں۔ مہاراشٹر میں، گذشتہ ہفتہ اور اتوار کو بالترتیب احمد نگر ضلع کے اکولا ٹاؤن اور شیوگاؤں میں فرقہ وارانہ جھڑپوں میں ایک شخص ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہوئے۔ ایک اور واقعہ میں، ایک مختلف مذہب کے لوگوں نے مبینہ طور پر ناسک ضلع کے مشہور ترمبکیشور مندر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی جس کے بعد ریاستی حکومت نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دی۔