بھیونڈی پارلیمانی حلقہ کے الیکشن افسر کشن جاولے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھیونڈی پارلیمانی حلقہ میں ووٹوں کی گنتی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
انھون نے مزید کہا کہ پرامن طریقے سے ووٹوں کی گنتی کو لیکر تمام افسران اور ملازمین کو تربیت دینے کا عمل بھی پورا کرلیا گیا ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ کے پولنگ مراکز کے مطابق تقریبا 35 راؤنڈ میں ووٹوں کی گنتی کے بعدوی وی پیٹ مشینوں کی پرچیو ں کے ملانے میں وقت لگنے کی وجہ سے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے میں 17 گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگ سکتا ہے۔
الیکشن افسر کشن جاولے کے مطابق ووٹوں کی گنتی کے دوران آنے والے امیدواروں کے نمائندوں اور صحافیوں کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، ممبئی ناسک شاہراہ پر واقع پریسیڈینسی اسکول کی پہلی منزل پراسٹرانگ روم بنایا گیا ہے۔ جہاں سخت سکیوریٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
ووٹوں کی گنتی تیسرے منزل پرایئرکنڈیشن کمروں میں کی جائے گی۔ جہاں ہر اسمبلی حلقہ کیلئے پینل بنائے گئے ہیں۔جس میں ہر اسمبلی کے لیے الگ الگ14/ ٹیبل سمیت 6 اسمبلی حلقوں کے لئے کل 84 ٹیبل لگائے گئے ہیں۔