ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں کسانوں کے بھارت بند کا ملا جلا اثر دیکھا گیا۔ شہر کے مختلف چوراہوں اور اہم راستوں پر مختلف پارٹیوں نے کسانوں کی حمایت میں احتجاج کیا اور کسانوں کی حمایت کا اعلان کیا۔
لوگوں نے اپنے کاروبار بند رکھ کر کسانوں کی تائید و حمایت کی۔ وہیں ٹرانسپورٹ اور آمد و رفت بھی کافی متاثر رہی۔
کسانوں کی حمایت میں کچھ دیہاتوں میں سیاسی پارٹیوں نے بیل گاڑی مورچہ نکال کر کسانوں کی حمایت کی۔ وہیں متعدد سیاسی پارٹیوں نے شہر کی اہم شاہراہوں کو جام کیا اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی، مظاہرین نے کسانوں کی حمایت میں گرفتاریاں پیش کیں اور مودی حکومت کی کسان پالیسی کو یکسر مسترد کردیا۔
وہیں آٹو یونین نے بھی بند کی حمایت کی، جس کی وجہ سے شہر کی سڑکوں پر سے ستر فیصد آٹو غائب رہے، جبکہ ہول سیل کرانہ دکانداروں نے یہ کہہ کر بند میں شامل ہونے سے انکار کردیا کہ کورونا وباء کے دوران انہیں کافی خسارے کا سامنا رہا اور حکومت نے ان کی کوئی مدد نہیں کی، شہر کے مختلف علاقوں میں روزمرہ کے کاروبار کو چھوڑ کر زیادہ تر کاروبار بند رہے۔