ممبئی:مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں کالج کی طالبہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بھجن گلوکار دیپک پجاری کو ممبئی کے بوریولی ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں کالج کی لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ریلوے پولیس نے اسے پالگھر سے گرفتار کیا ہے۔ بوریولی جی آر پی پولیس نے بتایا کہ متاثرہ کے بیان کی بنیاد پر ملزم کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 354 کے تحت مقدمہ درج کیا گیاتھا اور اسے پالگھر ضلع کے ویرار علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کو پولیس کی تحویل میں بھیج دیا، جب کہ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
معلومات کے مطابق گلوکار نے بوریولی ریلوے اسٹیشن پر طالبہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔ طالبہ نے اس کے خلاف احتجاج کیا تو ملزم وہاں سے ٹرین میں بیٹھ کر فرار ہوگیا۔ طالبی نے اس کی شکایت پولیس سے کی۔ پولیس نے ملزم کو پالگھر سے گرفتار کیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ وہ بھجن گلوکار ہے اور کئی بھوجپوری البمز میں گانے بھی گا چکا ہے۔ فی الحال وہ پولیس کی حراست میں ہے۔