اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد شہر میں غریبوں اور ٹھیلے والوں کی مدد کے لیے پردھان منتری سواندھی یوجنا شروع کی گئی ہے اس اسکیم کے معرفت غریب عوام کو ذاتی چھوٹا موٹا کاروبار شروع کرنے کیلئے قرض کی فراہم کے لیے بینک آگے آئیں اس طرح کی اپیل مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کی۔ مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے سنت ایکنا تھ رنگ مندر میں پی ایم سواندھی مہوتسو کے تحت اسکیم کے اہل افراد کو قرض فراہم کیے۔ اس موقع پر ایس بی آئی کے ڈپٹی جنرل منیجر روی کمار درما، میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر رویندر نیمک، راہل سوریه ونشی، ڈپٹی کلکٹر رامیشور روڈگے، ضلع پریشد کے اشوک کائندے، انتظامی افسر رو ہیداس دور کولکر اور دیگر موجود تھے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کراڑ نے کہا کہ اگر دیہی اور شہری علاقوں کے لوگوں کو مالی طور پر مضبوط کیا جائے تو ملک کی معیشت میں تیزی آئے گی، انھوں نے کہا کہ پردھان منتری سواندھی یوجنا کے ذریعے غریب لوگوں کو کاروباری فنڈ فراہم کرنے کیلئے بینکوں کی پہل اہم ہوگی۔ کراڑ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی کی رہنمائی میں ملک میں مختلف اسکیموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ لہذا جن شہریوں کے بینک اکاؤنٹس نہیں ہیں ان کے اکاؤنٹ کھولنے، بیمہ اسکیم کے فوائد عام لوگوں تک پہنچانے اور جو لوگ مالی امداد سے محروم ہیں انھیں امداد دستیاب کرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ میونسپل علاقوں میں ہاکروں کو مرکزی اسکیم کا فائدہ پہنچانے اور اس بارے میں بیداری بڑھانے کیلئے متعلقہ اداروں کو پہل کرنے پر بھی انھوں نے زور دیا۔