اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع سے پہلی فلائٹ سات جون کو سعودی عرب کے جدہ کے لیے صبح روانہ ہوگی۔ اس کی پوری تیاری اورنگ آباد خدمات حجاج کمیٹی کی جانب سے جامعہ کاشف العلوم میں کر لی گئی ہے۔ آج صبح 10 بجے سے دوپہر تین بجے کے درمیان جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم کے حج کیمپ میں سات جون کی فلائٹ سے روانہ ہونے والے عازمین حج نے رپورٹنگ کی اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے دیے گئے۔ کنفرمیشن لیٹر، ٹیکہ کے کاغذات، پیسے بھری ہوئی رسیدیں، میڈیکل سرٹیفکیٹ حج کمیٹی آف انڈیا کے افسران کے پاس جمع کیا گیا۔
اس دوران خدماتِ حجاج کمیٹی کے ذمہ دار ارشد انجینئر نے کہا کہ دوسرے دن چھ جون کو بعد نماز مغرب مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے آفس جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم کے کمرہ نمبر 101 میں افسران عازمین حج کے پاسپورٹ، ویزا کی کاپی، بریسلیٹ، شناختی کارڈ اور حج سے متعلق کتاب تقسیم کریں گے۔ ہر روز فلائٹ سے دو دن قبل عازمین کو حج کیمپ میں پہنچ کر رپورٹنگ کرانا لازمی ہے۔ اسی طرح سات جون کو روانہ ہونے والے عازمین حج کو چھ جون منگل کو بعد نماز مغرب جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم کے کمرہ نمبر 103 میں اپنے سامان کے بیگ جمع کروانے ہوں گے۔