ممبئی:مہاراشٹر میں مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کی ریلی کے درمیان اورنگ زیب کا معاملہ ایک بار پھر سامنے آگیا ہے۔ مہاراشٹر کے بلڈھانہ میں اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی اسٹیج سے اپنے حامیوں سے خطاب کر رہے تھے، اسی دوران کچھ لوگوں نے اورنگ زیب کی حمایت میں اورنگ زیب امر رہے کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔ اس کے بعد مہاراشٹر میں ایک بار پھر اورنگ زیب کو لے کر سیاست تیز ہوگئی ہے۔
کولہاپور میں واٹس ایپ اسٹیٹس کی وجہ سے شروع ہونے والا اورنگ زیب تنازع کچھ عرصے سے مہاراشٹر میں زوروں پر دیکھا گیا ہے۔ اورنگ زیب تنازعہ کے درمیان مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور اویسی کے درمیان لفظی جنگ بھی دیکھنے کو ملی۔ مہاراشٹرا میں ماضی قریب میں اورنگ زیب اور گوڈسے کے نام پر سیاست کو شدید دیکھا گیا۔