اورنگ آباد شہر میں اردو میڈیم کے ٹیچرز کے سلیکشن کے باوجود انہیں گذشتہ دو سالوں سےتقرری نامہ نہیں ملاتھا۔ ٹیچرزگذشتہ دو سالوں سے میونسپل کارپوریشن دفتر کے چکر کاٹ رہے تھے لیکن جب ای ٹی وی بھارت نے اس خبر کو نشر کیا تو محض دو ہفتوں میں اردو میڈیم کے ایک درجن اساتذہ کو تقرری نامہ موصول ہوا۔
افسرشاہی کی کوتاہیوں کے سبب عام آدمی کو اپنے حقوق کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے بارہ اردو میڈیم ٹیچروں کے ساتھ بھی یہی سب کچھ ہورہا تھا۔
ریاستی حکومت کے آن لائن سسٹم پوتر پورٹل کے تحت سلیکشن کے باوجود اردو اساتذہ کو گذشتہ دوسالوں سے تقرری نامہ نہیں مل پایاتھا۔
ای ٹی وی بھارت نے اس خبر کو دو ہفتے پہلے نشر کیا تھا جس کے بعد نہ صرف کار روائی آگے بڑھی بلکہ صرف دو ہفتوں کے بعد تمام بارہ ٹیچرز کو میونسپل ایڈمنسٹریٹر آستک کمار پانڈے نے اپنے ہاتھوں سے تقرری نامہ دیا۔