اورنگ آباد کے مولانا آزاد ہائی اسکول میں ایک انٹرنس امتحان منعقد کیا گیا جس میں تقریباً 4 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ خواہشمند امیدواروں میں لڑکیوں کی تعداد خاطر خواہ نظر آئی۔
مہاراشٹر میں بہت جلد محکمہ پولیس میں بڑے پیمانہ پر بھرتی کرنے کا امکان ہے۔ ریاستی حکومت نے 10 تا 12 ہزار افراد کو محکمہ پولیس میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے پیش نظر اورنگ آباد شہر میں دعا بنک اور مجلس اتحاد المسلمین کے اشتراک سے خواہشمند امیدواروں کو مفت ٹریننگ اور تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس تربیتی پروگرام کےلیے باضابطہ رجسٹریشن کئے گئے اور تحریری امتحان بھی لیا گیا۔
بے روزگار نوجوانوں اس موقع سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں جبکہ ابھی تک 4 ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کروایا جن میں لڑکیوں کی تعداد قابل لحاظ رہی۔ آج منعقد ہوئے امتحان میں مراٹھواڑہ کے مختلف اضلاع سے بھی امیدواروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیدواروں نے محکمہ پولیس میں ملازمت ملنے کی امید کا اظہار کیا۔