پٹرول گیس اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ایم آئی ایم نے اورنگ آباد شہر میں گیس سلینڈر کی علامتی ارتھی نکالی اور مودی حکومت کی پالیسیوں کی مذمت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاجی ریلی کے بعد ڈیویژنل کمشنر آفس کے روبرو دھرنا دیا گیا۔ ایم آئی ایم لیڈروں نے ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی کسان تحریک کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔
اورنگ آباد میں ایم آئی ایم لیڈر ڈاکٹر غفار قادری نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل کی قمیت کو کم کرنا چاہیے۔حکومت کو عوام کے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت کا کام ہے کہ وہ عوام کے مسائل پر غور و فکر کرے۔
مظاہرین نے کہا کہ مالی سال 2021۔2022 کے بجٹ میں بھی صرف ان ہی ریاستوں کو فائدہ پہنچانے کی بات کہی گئی ہے، جہاں انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس حکومت کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا ہے، ان کو عوام کے مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔