مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع میں ہزاروں ہیکٹر پر پھیلی موسمبی کی باغبانی کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ مگری کیڑے نے کھڑی فصلوں کو تباہ کردیا ہے جس سے کسان پریشان ہوگئے ہیں۔ اس سال مرگ بہار اور آم بہار دونوں سیزن کی فصلیں کیڑے اور بارش کی نذر ہوگئی ہیں۔
اورنگ آباد کے مضافات میں بڑے پیمانے پر موسمبی کی باغبانی کی جاتی ہے۔ پٹن، عنبڑ اور جالنہ میں ہزاروں ہیکٹر زمین پر موسمبی کی باغبانی کی جاتی ہے. لیکن اس مرتبہ ’’مگری‘‘ نامی کیڑے نے موسمبی کی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچایا۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ مرگ بہار اور آم بہار اس طرح موسمبی دو مرتبہ درختوں سے اتاری جاتی ہے، لیکن مگری کیڑے نے درختوں کو بری طرح نقصان پہچایا اور اضافی بارش نے رہی سہی کسر پوری کردی، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ موسمبی کی کھیتی کرنے والے کسانوں کو ان کے مال کی وہ قیمت نہیں مل پارہی ہے۔