اورنگ آباد کی سینٹرل جیل کے حکام کی قیادت میں جیل کے باہر قیدیوں کے ہاتھوں سے بنائی گئی چیزوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔
قیدیوں کے ہاتھوں سے بنائی گئی چیزوں کی نمائش، ویڈیو اس نمائش کا افتتاح جیل سپرنٹنڈنٹ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر مراٹھی فلموں کے اداکار بھی موجود تھے۔ اس نمائش میں گھریلو استعمال کی چیزوں سے لے کر لکڑی کے فرنیچر، الماریاں، اسٹیل کے سامان، کھادی کے کپڑوں کے علاوہ آرائشی سامان گاہکوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
اس نمائش میں انسانی ضروریات کی تمام اشیا موجود ہیں جبکہ مودی جیکٹ بھی لوگوں کی دلچسپی میں اضافہ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ مودی جیکٹ صرف ہرسول جیل میں ہی بنایا جاتا ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ ”قیدیوں کے ہاتھوں سے بنی اشیا کو عوامی حلقوں میں پسند کیا جاتا ہے۔ یہ کام گزشتہ دس برسوں سے جاری ہے اور جیل میں بنی اشیا کی مانگ میں اضافہ بھی ہوا ہے جس کی وجہ سے قیدیوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔'
نمائش سے حاصل ہونے والے منافع میں کام کرنے والے ہنر مند قیدیوں کا حصہ بھی شامل ہوتا ہے جو ان کی آمدنی اور بچت کا واحد ذریعہ کہا جاسکتا ہے اس لیے بھی عام لوگ جوق در جوق اس نمائش کا رخ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ نمائش دو ہفتے تک جاری رہے گی۔