مہاراشٹرا کے اورنگ آباد ضلع پریشد جنرل باڈی میٹینگ میں ایک قرار داد منظور کی گئی ہے۔ اس قرار داد کے مطابق اورنگ آباد ضلع پریشد کے جو افسران اور ملازمین اپنے والدین کی دیکھ بھال نہیں کریں گے یا غلط برتاؤ کریں گے، تحقیقات کے بعد ایسے افسران و ملازمین کی 30 فیصدتنخواہ کاٹ لی جائے گی اور ماں باپ کے اکاؤنٹ میں جمع کر دی جائے گی۔
دراصل اورنگ آباد ضلع پریشد کے چند افسران و ملازمین کے خلاف شکایتیں موصول ہوئی تھیں کہ وہ اپنے والدین کی دیکھ بھال نہیں کرتے یا ان کے ساتھ غلط برتاؤ کرتے ہیں۔ ضلع پریشد صدر مینا شیٹر کے نے جنرل باڈی میٹنگ میں اس تعلق سے ایک قرارداد پیش کی۔
انہوں نے ضلع پریشد کے افسران و ملازمان سے اپیل کی کہ ماں باپ کا احترام کریں اور با وقار طریقے سے انہیں اپنے ساتھ رکھیں۔ اس بات پر جنرل باڈی میٹنگ میں ممبران نے تالیاں بجا کر قرارداد کی تائید کی۔