اورنگ آباد:آج ملک کے اولین وزیر تعلیم اور صف اول کے مجاہد آزادی و قومی رہنما مولانا ابوالکلام آزاد کا یوم پیدائش ہے۔
ہم آپ کو مولانا آزاد کے ایک ایسے مداح سے روبرو کرارہے ہیں جو مولانا آزاد سے متعلق لٹریچر جمع کرتے ہیں۔ اورنگ آباد کے کتب فروش مرزا عبدالقیوم ندوی کے پاس الہلال کے پچاس سے زائد شمارے موجود ہیں۔
ملک کی آزادی میں اخبارات خاص طور پر اردو اخبارات نے کلیدی رول ادا کیا تھا۔ ان اخبارات میں مولانا ابوالکلام آزاد کے اخبار الہلال کا شمار صف اول کے اخباروں میں ہوتا تھا۔
اورنگ آباد کے کتب فروش مرزا عبدالقیوم ندوی کے پاس الہلال کی سن انیس سو تیرہ اور انیس سو چودہ کی پچاس سے زائد کاپیاں موجود ہیں۔ الہلال کی یہ کاپیاں سو سال بعد بھی اس بات کی گواہ ہے کہ مولانا ابوالکلام آزاد اپنے دور کی عہد ساز شخصیت تھے۔
الہلال کے ان شماروں میں قومی، بین الاقوامی اور عالمی خبروں کو پیش کیا جاتا تھا۔ بات صرف خبروں تک محدود نہیں رہتی تھی بلکہ الہلال کے یہ شمارے مولانا آزاد کی فکری اساس کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ ایک شمارہ کم سے کم چوبیس صفحات پر مشتمل ہے جن میں درجنوں عنوانات کے تحت خبروں کا احاطہ کیا جاتا تھا۔