ممبئی: اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے میں نچلی عدالت سے عمر قید کی سزا پانے والے بلال احمد عبدالرزاق کو آج بامبے ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کیئے جانے کا حکم جاری کیا، بلال احمد گذشتہ 14 سالوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید تھا۔ بلال احمد کا تعلق مالیگاؤں سے ہے لیکن گرفتاری کے وقت وہ اورنگ آباد میں برسر روزگار تھا۔
بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس ریوتی ڈیرے اور جسٹس بشٹ نے بلال احمد کو مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔ بلال احمد کی ضمانت عرضداشت پر ایڈوکیٹ مبین سولکر نے بحث کی جبکہ ایڈوکیٹ طاہرہ قریشی، ایڈوکیٹ عامر سپاری والا نے معاونت کی۔
خصوصی مکوکا عدالت کی جانب سے ملزمین کودی جانے والی 14 سال اور عمر قید کی سزاؤں کے خلاف اپیل جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کے توسط سے داخل کی گئی تھی جسے عدالت نے سماعت کے لیئے منظور کر لیا تھا لیکن پیپر بک تیار نہیں ہونے کی وجہ سے اپیل پر سماعت نہیں ہو رہی تھی جس کی وجہ سے بلال احمد کی ضمانت عرضداشت داخل کی گئی تھی جس پر آج فیصلہ ہوا۔Aurangabad arms case accused gets bail after 14 years