مہاوکاس آگھاڑی کے رہنما اورمہاراشٹر کے وزیراعلی ادھوٹھاکرے نے تیقن دیا کہ ملازمتوں اورتعلیم میں مراٹھا ریزرویشن دیگر پسماندہ طبقات خاص طور پر او بی سی کے ریزرویشن کی جدوجہد کو فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ او بی سی طبقات کے خدشات کو دور کرنے کے لئے بہت جلد پسماندہ طبقات کے لئے جدوجہد کرنے والی تنظیموں، نمائندوں اور رہنماوں کو ساتھ لے کر ایک میٹنگ کا انعقادکیاجائے گا۔
یہ تیقن وزیر اعلی ادھوٹھاکرے نے مراٹھاریزرویشن سےمتعلق منعقدہ ویڈیو کانفرنس میٹنگ کے دوران دیا۔جس میں سابق وزیر اعلی مہاراشٹر اورسینئر رہنما اشوک چوہان، سینئر رہنما اور رکن اسمبلی چھگن بھجبل، وزیر ایکناتھ شندے، وزیر وجئے ویڈیٹی وار، رکن اسمبلی دھننجئے منڈے اور دیگر معزز شخصیات شامل تھے۔
وزیر اعلی نے ایک پریس اعلانیہ کے ذریعہ کہا کہ مراٹھا ریزرویشن معاملے کی سماعت سپریم کورٹ میں چل رہی ہے مگر پسماندہ طبقات کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں کہ اگر عدالت مراٹھا ریزرویشن کے فیصلے کو برقراررکھتی ہے تو او بی سی ریزرویشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
واضح رہے سماجی اور تعلیمی شعبہ میں پسماندہ طبقہ(ایس۔ای۔بی۔سی) قانون2018کی رو سے ملازمتوں اورداخلوں کے لئے مہاراشٹر میں مراٹھوں کو ریزرویشن دینے کے لئے لاگو کیا گیا تھا۔بامبے ہائی کورٹ نے پچھلے برس جون میں قانون کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ16فیصد ریزرویشن مناسب نہیں ہے۔اور کہا کہ ملازمت میں ریزرویشن12 فیصد سے زیادہ اور داخلے میں 13فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔ بعد میں اس قانون کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعلی ادھوٹھاکرے نے تیقن دیتے ہوئے کہا کہ مہا وکاس آگھاڑی سرکار او بی سی مسائل کو’’ نظر انداز‘‘ نہیں کرے گی۔ ہم او بی سی طبقات کو انصاف دیں گے۔اس موقع پر او۔ بی سی۔ کے رہنما چھگن بھجبل نے کہا ’’ او۔بی سی۔ دیگر کسی بھی طبقے کے ریزرویشن کی مخالف نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ممبئی: تھرمل اسکریننگ اب اسمارٹ ہیلمٹ کے ذریعہ