اورنگ آباد شہر سے مہاراشٹر کی سیاست میں اپنی جڑیں مضبوط کرنے والی ایم آئی ایم ریاست کے اسمبلی انتخابات میں پوری زور لگا رہی ہے ۔
مجلس کے قومی سربراہ اسد الدین اویسی اورنگ آباد میں سہ روزہ تشہیری دورے پر ہیں دن بھر شہر کے مختلف علاقوں کا پیدل دورہ کرنے کے بعد ایم آئی ایم سربراہ نے اجلاس عام سے خطاب کیا۔
اسدالدین اویسی سہ روزہ تشہیری دورے پر۔ویڈیو عوامی خطاب میں اسد الدین اویسی نے ریاستی مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی پالیسیوں پر نکتہ چینی کی ۔
اسد الدین اویسی نے بی جے پی کے چناوی منشور پر بھی طنز کرتے ہوئے ریاستی حکومت پراقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام عائد کیا اور کہا کہ مراٹھا سماج کو ریزرویشن دیا گیا اورمسلمانوں سے ان کا حق چھینا گیا اس لیے مجلس مسلمانوں کو حق دلانے کے لیے راستے پر اتر کرتحریک چلائےگی ۔
اورنگ آباد کے آزاد چوک پر ہوئے تشہیری جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں ایم آئی ایم سربراہ کے مداحوں نے شرکت کی، اس موقع پراسد الدین اویسی نے ممبئی میں وزیراعظم نریندر مودی کی بم دھماکوں کے تعلق سے کی گئی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا کہ دھماکہ متاثرین کو تو عدالتوں سے انصاف مل گیا، لیکن ممبئی فسادات کی قلعی کھولنے والی شری کرشنا کمیشن کی رپورٹ پر عمل آوری کیوں نہیں کی جارہی ہے، ایم آئی ایم صدر نے گجرات فسادات پر بھی لب کشائی کرنے کا وزیراعظم سے مطالبہ کیا۔
اپنی چالیس منٹ کی تقریر میں اسد الدین اویسی نے کئی مدوں پر ایم آئی ایم کا موقف اجاگر کیا، ساتھ ہی اورنگ آباد شہر میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی شاخ کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ایوان پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ ایم آئی ایم کے قومی سر براہ اسدالدین اویسی اپنے پارٹی کے امیدوار داکٹر غفار قادری کے جیت کو یقینی بنانے کہ لیے اورنگ آباد میں ایک جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔